ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن کی ملاقات، امن کیلئے مضبوط، شراکت داری اہم: سنجرانی
اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان کیلئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی اے کینن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں معاشی اور سیاسی اصلاحات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور سمیت یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ نے ترقیاتی معاونت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچے میں بہتری، معاشی مواقع بڑھانے اور خوشحالی کو فروغ دینے کے حوالے سے یو ایس ایڈ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مضبوط اقتصادی تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہری اور مضبوط شراکت داری خطے کے امن، سلامتی اور خوش حالی کے لیے باہمی طور پر مفید اور اہم ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے افغان عوام کی حمایت کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر نے کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے عمل میں پاکستان کے حالیہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ یو ایس ایڈ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔