• news

ڈسکہ این اے 75 مبینہ دھاندلی کیس، 26 ملزموں کا ٹرائل شروع، 22 پیش

سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والی مبینہ دھاندلی میں ملوث 26ملزموں کے خلاف ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن آف پاکستان کے کونسل چودھری شمشاد احمد باجوہ اور چودھری سرفراز احمد گھمن ایڈووکیٹس نے استغاثہ جات ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ محمد عبد الجبار کی عدالت میں دائر کی۔ سماعت کے موقع پر 26 میں سے 22 ملزم پیش ہوئے۔ سابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ حسن اسد علوی نے حاضری سے معافی کی درخواست کی جبکہ عدالت میں پیش نہ ہونے والوں میں سابق ایس ایچ اوز بدر منیر، طاہر سجاد اور یاسین سرفراز نامی ملزمان شامل ہیں جن کے خلاف عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ سابق چیف آفیسر ایجوکیشن سیالکوٹ مقبول شاکر کے بارے میں بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ بھی دیگر 22 ملزموں کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ عدالت نے ملزموں کو ایک ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کی ہدایات کیں۔ عدالت نے کیس کو آئندہ 19مارچ تک سماعت ملتوی کر دی۔ ملوث 22 ملزموں کے وکلاء نے اپنے وکالت نامے بھی عدالتوں میں جمع کروا دئیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن