• news

ٹوٹی سڑکیں : عوام پریشان


مکرمی!میں آپ کی توجہ ایک انتہائی اہم مسئلے کی طرف دلانا چاہتی ہوں۔ یہ مسئلہ آج کا نہیں بلکہ دو سال سے اندرون شہر لاہور کے عوام کے لیے وبال جان بنا ہوا ہے۔ میو ہسپتال سے آگے پیسہ اخبار والی سڑک پچھلے ڈیڑھ سال سے زیر تعمیر تھی۔ تعمیر مکمل ہوئے 2ماہ گزرے تھے کہ زیر زمین پائپ ڈالنے کا خیال آیا۔ پائپ ڈالنے کے لیے سڑک کو ایک ہفتہ پہلے بند کر دیا گیا اور اس کام کو مکمل کرنے کے لیے دو ماہ کا وقت لگ گیا ،لیکن افسوس کی بات ہے کہ کام ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔ سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے لیکن اس سڑک کی حالت ایسی ہے جیسے ہم کسی اونچے نیچے ٹیلوں پر سفر کر رہے ہیں۔ یہ راستہ اندرون شہر کی کئی علاقوں کو آپس میں ملاتاہے۔ لیکن سڑک کی حالت نے عوام کو پریشان کیا ہوا ہے۔ اس علاقے میں رش ایک معمول کی طرح ہوتا ہے۔ ٹریفک جام ہو جائے تو گھنٹوں گزر جاتے ہیں۔ اور صرف پیسہ اخبار کی سڑک ہی خراب نہیں ہے۔ اس سے آگے پاپڑ منڈی کی سڑک بھی تقریباً اتنے ہی عرصہ سے خراب ہے ،بڑے بڑے گڑھوں پر موٹر سائیکل چلانا بہت مشکل کام ہے۔ سڑکوں کی حالت دن بدن بگڑتی جا رہی ہے ۔ آپ سے درخواست ہے کہ اندرون شہر لاہور اور داتا کی نگری میں بسنے والے عوام کو اس پریشانی سے نکالنے کی کوئی تدبیر کریں۔(تہذین طاہر،لاہور) 

ای پیپر-دی نیشن