موجودہ ماحول کے تناظرمیں اولاد کی تربیت بہت اہمیت رکھتی ہے: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور(خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمد ی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دن بدن معاشرے کے حالات بہت خراب ہوتے جا رہے ہیں اس ماحول میں اپنی اولاد کی تربیت کی طرف توجہ بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اور اولاد کی صحیح اسلامی اور دینی خطوط پر تربیت کا اہتمام والدین کے لیے صدقہ جاریہ اور آخرت میں نجات کا باعث بنے گی اولاد اللہ کریم کے انعامات میں قیمتی انعام ہے اور دنیاوی زندگی میں تو اسی سے ہی رونق ہے اس لیے اس کی قدر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کی دینی اور دنیاوی اخلاقی اور زیور تعلیم سے آراستہ کرنا والدین کا فرض ہے۔ اچھی تربیت یافتہ اولاد والدین کی فرما نبردار ہوگی۔ اولاد چاہے بیٹی ہو یا بیٹا ان پر یکساں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں قرآن و حدیث سے رہنمائی مل سکتی ہے اور یہی ہماری بنیاد اور اساس ہے۔ تربیت کے معاملے میں غفلت کسی صورت مناسب نہیں کیونکہ آنے والے وقت میں انہوں نے ہی معاشرے میں حالات کی ذمہ داری سنبھالتی ہے۔