پاکستان ‘آسٹریلیا کرکٹ سیریز ‘سکیورٹی کیلئے فوج طلب کرنے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین شیڈول ٹیسٹ میچ کیلئے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اس حوالے سے پاک فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹیسٹ میچ کے دوران راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے ملحقہ تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے۔راولپنڈی فوڈ سٹریٹ، علامہ اقبال پارک اور ڈبل روڈ کو سیل کردیا جائیگاجبکہ ٹیموں کی آمد رفت کے موقع پر مخصوص علاقوں میں موبائل سروس معطل رہے گی اور راولپنڈی میٹروبس سروس کا روٹ محدود کیا جائیگا۔ذرائع نے بتایا کہ ٹیموں کی آمد رفت موقع پر زیرو ٹریفک روٹ لگایا جائیگا اور ٹیسٹ میچ کے دوران راولپنڈی پولیس کے 4 ہزار سے زائد اہلکار اور سٹی ٹریفک پولیس کے 350 اہلکار بھی تعینات ہوں گے جبکہ سٹیڈیم کے قریب بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے۔