• news

عدم اعتماد، تحریک انصاف متحرک، پارٹی کی نئی صف بندی، 22 ارکان پریشانی بن گئے


اسلام آباد (عزیزعلوی) عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے کے امکان کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت متحرک ہو گئی ہے۔ جس کیلئے پارٹی کی نئی سیاسی صف بندی بھی کر لی گئی ہے۔ پارٹی کی مسلسل مشاورت کیلئے نئی سیاسی کور کمیٹی بھی بنا دی گئی جبکہ اس کے ساتھ ہی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔ دونوں کمیٹیوں میں اکثریت پرانے ممبران کی ہی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان اپنی سیاسی برتری ثابت کرنے کے لئے ممکنہ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی حکمت عملی پر بھرپور توجہ مرکوز کر چکے ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے جن 20/22 اراکین کی حمایت حاصل ہونے کا اپوزیشن دعویٰ کر رہی ہے وہ صورتحال حکومتی جماعت  کے لئے پریشان کن بنی ہے کیونکہ اگر وہ اراکین پارٹی کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ دیتے ہیں تو ان کی قومی اسمبلی کی نشستیں برقرار نہیں رہ سکیں گی۔ اس صورت میں خالی ہونے والی ان سیٹوں پر بیک وقت ضمنی الیکشن ہو گا جس کیلئے ملکی سیاسی فضا نئی رسہ کشی اختیار کر جائے گی۔ تحریک انصاف یہ آپشن بھی لے سکتی ہے کہ ممکنہ تحریک عدم اعتماد آنے پر وہ اس سے عملاً لاتعلق رہے اور  اپوزیشن سے کہا جائے کہ وہ اپنی مطلوبہ تعداد کے ساتھ اسمبلی میں اکثریت ثابت کر کے دکھائے۔ تحریک انصاف کی قیادت اس مرحلے پر ماضی کی پارلیمانی روایات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لینے میں مصروف ہے۔ پارٹی کے پارلیمانی اور آئینی امور کے ماہرین بھی اپنی اپنی کتابوں کی ورق گردانی میں لگے ہوئے ہیں۔ پارٹی کا عمران خان سے سیاسی قربت رکھنے والا ہر مرکزی رہنماء اپنی اپنی دانش سے آئندہ سامنے آنے والی صورتحال پر نظر جمائے ہوئے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن