• news

کون بنے گا پی ایس ایل چیمپئن؟ لاہور قلندر‘ ملتان سلطانز آج مد مقابل


لاہور(سپورٹس رپورٹر) شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کی زیرقیادت لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین پی ایس ایل 7 کے ٹائٹل کافائنل معرکہ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ 2017 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ جب قذافی سٹیڈیم لاہور کا تاریخی گراؤنڈ دوبارہ پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کریگا۔اس سے قبل دونوں ٹیمیں دو مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں فتح کی دیوی ایک مرتبہ لاہور قلندرز اور ایک مرتبہ ملتان سلطانز پر مہربان ہوچکی ہے۔ لاہورقلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب صرف ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر مرکوز ہیں۔ ایک ماہ کے اس عرصے کے دوران لاہور قلندرز نے لاجواب کرکٹ کھیلی ہے۔ تماشائیوں سے بھرے سٹیڈیم میں کھیلنا اور پھر کامیاب حاصل کرنے سے بڑی خوشی اور کوئی نہیں ہے۔ وہ ہر میچ کیلئے ایک بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کرنے پر لاہور کی عوام کے مشکور ہیں۔ وہ لاہوریوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ فائنل کے روزبھی سٹیڈیم کو بھر دیں تاکہ وہ ان تمام فینز کے سامنے ٹرافی اٹھا کر ان کا شکریہ ادا کرسکیں۔وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں، ملتان کی ٹیم ایک بھرپور فارم میں ہے تاہم لاہور قلندرز اسے ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کیلئے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا ہے اور ایک کپتان کی حیثیت سے وہ اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں مانگ سکتے۔ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے کسی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہمیشہ دباؤ کا شکار رکھتا ہے تاہم ملتان سلطانز کی مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے اس دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی ہے اور فائنل میں انہیں کراؤڈ سے بھی بھرپور سپورٹ میسر ہوگی۔لاہور کا کراؤڈ بہت شاندار ہے اور انہیں امید ہے کہ فائنل کے روز ملتان سلطانز کے فینز بھی بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ گزشتہ سال ملتان سلطانز نے ابوظہبی کے خالی سٹیڈیم  میں ٹرافی اٹھائی تھی مگر اللہ کی مدد سے اس مرتبہ ان کی ٹیم تماشائیوں سے بھرے قذافی سٹیڈیم لاہور میں فائنل جیت کر پی ایس ایل 7 کی ٹرافی اٹھائیگی۔ وہ پورے ٹورنامنٹ میں بھرپور سپورٹ کرنے پر ملتان سلطانز کے تمام فینز کے شکر گزار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن