گندم کی امدادی قیمت میں متوقع اضافہ، 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہونے کا امکان
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی کم از کم امدادی قیمت 2200 روپے فی 40 کلوگرام تک بڑھانے کے نتیجے میں فلور مل مالکان نے پنجاب میں آئندہ سیزن سے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت میں 200 روپے اضافے کی توقع ظاہر کی ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ کے لیڈر عاصم رضا احمدکے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت موجودہ قیمت سے 200 روپے اضافے سے 1300 روپے تک ہو سکتی ہے۔ نظرثانی شدہ پسائی کے چارجز اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کی وجہ سے فی بوری میں 50 روپے اضافے سے 20 کلو آٹے کا تھیلا ریٹیل مارکیٹ میں 1350 روپے مہنگا ہو جائے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اگلے سیزن کے لیے گندم کی کم از کم امدادی قیمت 1950 روپے فی 40 کلو گرام سے بڑھا کر 2200 روپے کرنے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس 40کلو گندم کی قیمت 2200روپے مقرر کرنے سے مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہو گا جو عوام برداشت سے باہر ہو گا۔