تحریک انصاف کا سندھ تحفظ مارچ شروع ،بلاول پنجاب آکر رابطہ مہم چلائیں،شاہ محمود
گھوٹکی، ملتان ‘میر پور متھیلو(نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) تحریک انصاف نے سندھ میں میدان لگالیا۔ شاہ محمود، علی زیدی اور حلیم عادل شیخ کی قیادت میں سندھ تحفظ حقوق مارچ کا گھوٹکی سے آغاز ہوگیا۔ سکھر میں پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کے لیے جلسہ گاہ تیار کر لیا گیا۔ سندھ پنجاب کی سرحد پر واقع ضلع گھوٹکی کے علاقے کموں شہید سے لانگ مارچ شروع ہو کر رات سکھر پہنچے گا۔ سکھر میں قیام کے دوران مارچ کے قائدین جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔ جلسے کے لیے ڈی آئی جی آفس کے قریب پنڈال تیار کیا جا چکا ہے۔ جلسے میں سینکڑوں کی تعداد میں کرسیاں اور صوفے لگا دیئے گئے ہیں۔ قائدین کے بیٹھنے کے لیے 150 فٹ چوڑاسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسے سے وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، علی زیدی اور حلیم عادل شیخ، مبین خان اور دیگر خطاب کریں گے۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقوق سندھ مارچ صوبے کے عوام کو جگانے کیلئے ہے، زرداری مافیا سندھ کیلئے علی بابا چالیس چور کی طرح ہے، نوسر بازوں کا ٹولہ کراچی سے اسلام آباد کیلئے نکل رہا ہے، سندھ میں ہماری بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں، بلاول زرداری کو جواب دینا ہوگا، سندھ میں سکولوں کی حالت ابتر، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں، سندھ میں جنگل کا قانون ہے، سندھ کے عوام کو ان سے نجات دلائیں گے۔ دریں اثناء سندھ حقوق مارچ میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل شاہ محمود نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو پنجاب آکر عوامی رابطہ مہم چلائیں اور دورہ ان کاحق ہے، سندھ کے عوام 15سال سے ایک حکومت اور کرپشن تلے دبے ہوئے ہیں۔ عوامی رابطہ مہم کے لیے گھوٹکی کے لیے روانہ ہو رہا ہوں، سندھ کے عوام سے درخواست ہے کہ سوچنے کا وقت آگیا ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، یہ عوام 15 سال سے ایک حکومت اورکرپشن تلے دبے ہوئے ہیں، امید ہے سندھ کا پسا ہوا طبقہ کرپشن کے خلاف سر اٹھائے گا،شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام خودداری کا مظاہرہ کریں گے اور باہرنکلیں گے، وقت آگیا ہے غلامی کی زنجیریں توڑو اور اپنے مستقبل کے لیے بڑھو،انہوں نے کہا کہ امید ہے سندھ حکومت ہمارے قافلے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔