• news

جہانگیر ترین علاج کیلئے لندن چلے گئے،دوسال بعد عمران کا ٹیلی فونک رابطہ،شہباز کی نیک خواہشات


لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر خان ترین کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہو اہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق جہانگیر خان ترین کی لندن روانگی سے قبل ان کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ان سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دو سال کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ بعدازاں ایئر ایمبولینس کے ذریعے جہانگیر ترین میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن روانہ ہوگئے، رہنما تحریک انصاف ایک ہفتہ لندن میں رہیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گذشتہ ایک ہفتے سے لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے کچھ روز قبل طبعیت بہتر ہونے ہر وہ ہسپتال سے گھر منتقل ہوئے۔گھر منتقلی کے بعد جہانگیر ترین نے لندن میں اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کیا، ڈاکٹر نے تجویز کیا کہ وہ چیک اپ کیلئے لندن آئیں۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے لندن جانے سے پہلے اپنے گروپ کو پیغام بھی بھیجا ہے کہ چیک اپ کیلئے جا رہا ہوں اور جلد واپس آئونگا۔ گروپ کے ارکان متحد اور رابطے میں رہیں۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے جہانگیر ترین کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ طبیعت کی ناسازی باعث تشویش ہے۔ دعا ہے جہانگیر ترین کے اہلخانہ کی پریشانی ختم ہو اور وہ صحت یاب ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن