امریکہ نے روس پر اقتصادی پابندیوں کو تیسری عالمی جنگ سے گریز کی کوشش قرار دیدیا
واشنگٹن (آئی این پی ) امریکی صدرجو بائیڈن نے روس پر اقتصادی پابندیوں کو تیسری عالمی جنگ سے گریز کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین پر فوجی حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ہمارے پاس دو آپشنز ہیں، ایک یہ کہ روس کے خلاف عملی جنگ میں شریک ہوں اور دوسرا آپشن یہ ہے کہ روس کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی قیمت چکانا پڑے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین پر فوجی حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ صدر جوبائیڈن کی جانب سے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کو تحریر کردہ ایک مراسلے میں ساڑھے 30 کروڑ ڈالر غیرملکی معاونتی قانون کے تحت یوکرینی دفاع کے لیے جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید ڈھائی سو ملین ڈالر یوکرائنی فوج کے لیے کسی قانونی نکتے سے ماورا فوری دفاعی امداد کی مد میں صرف کیے جائیں گے۔