• news

پاکستان سپرلیگ کے میچز ملتان پشاور میں بھی کرانے کا اعلان

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اگلے سیزن میں پی ایس ایل کے میچز پشاور اور ملتان میں بھی کرانے کا اعلان کردیا۔قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 8 کے میچز ملک کے تمام سٹیڈیمز میں کرانا چاہتے ہیں، آئندہ سیزن میں لاہور اور کراچی کے ساتھ ملتان، پشاور میں بھی میچز کرائیں گے۔پی ایس ایل میں لاہور کا کراوڈ سپیشل تھا اور لاہور نے پی ایس ایل کو اٹھا دیا ہے، شائقین نے اْس میچ میں بھی ہاؤس فل کیا جس میں لاہور کی ٹیم نہیں کھیل رہی تھی۔ راولپنڈی سمیت پورے پاکستان میں انفراسٹرکچر پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔دریں اثنا رمیز راجہ پی ایس ایل 7 کا فائنل دیکھنے لاہور کے قذافی سٹیڈیم پہنچے، جہاں انہوں نے کمنٹری روم میں داخل ہونے سے قبل سٹیڈیم کا چکر لگایا اور ہاتھ ہلا کر تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں میڈیا سے مختصربات چیت میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے آنے کی خوشی ہے، پاکستان کے پاس یہ سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے، انشااللہ یہ سیریز پاکستان ہی جیتے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سیون کے کامیاب شو کی بہت خوشی اور اس پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں، اس ایونٹ کی کامیابی میں سب نے بہت زور لگایا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ سیزن 7 کامیاب رہا جس کو کراچی اور لاہور کے شائقین نے کامیاب بنایا۔ پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کیلئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کراچی اور لاہور کے کراوڈ نے ایونٹ کو چار چاند لگائے۔

ای پیپر-دی نیشن