ریو نیومیں تھرڈ پارٹی آڈٹ سے شفافیت لائی جا سکتی ہے:جمیل اختر بیگ
لاہور( سٹاف رپورٹر) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر جمیل اختر بیگ نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیومیں تھرڈ پارٹی آڈٹ سے محکمانہ امورمیںشفافیت لائی جا سکتی ہے۔ افسران دفاتر کو چھوڑکر مارکیٹوں اور نئے سرکل زون کے سروے کریں اور نئے ٹیکس دہندگان کو نیٹ میں لائیں۔ حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ اس کے پاس ڈیرھ کروڑ لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے انہیں بھی ٹیکس نیٹ میںلانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹیکس بار ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب صدر لاہور ٹیکس بار حسیب اللہ خان ،جنرل سیکرٹری سید عرفان حیدر شاہ،جوائنٹ سیکرٹری قدیر آصف کھوکھر اوردیگر بھی موجود تھے۔ جمیل اختر بیگ نے کہا کہ قانون کے مطابق ایف بی آر کسی بھی فرم سے آڈٹ کراسکتا ہے اورپہلے بھی اس کا کامیاب تجربہ کیا جاچکا ہے ،ایف بی آر کے افسران کو تربیت بھی چارٹرڈ اکائونٹنٹ دیتے ہیں،تھرڈ پارٹی سے محکمانہ امور میں شفافیت لائی جاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایف بی آر کے افسران تجارتی مراکز کی تنظیموں کے عہدیداروں کو اعتمادمیں لے کر سروے کریں اور نئے ٹیکس گزار وں کوتلاش کیا جائے ۔