عدم اعتماد کیلئے 2 روز اہم‘ مہنگائی جاری رہی تو کئی آپشن ہیں: خالد مقبول
لاہور (نیوز رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے اگلے 2 روز اہم ہیں۔ ملک میں اگر مہنگائی کی ایسی ہی صورتحال رہی تو ہمارے پاس کئی آپشنز کھلے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے تاہم اس مشکل وقت کو اچھی طرح سے ہینڈل کیا جا سکتا تھا اور وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ تھوڑی سی سنجیدگی کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایسی صورتحال رہی تو ہمارے پاس کئی آپشنز کھلے ہیں تاہم درست اقدامات پر مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ 50سال سے پیپلزپارٹی کو کراچی میں کوئی مینڈیٹ نہیں ملا، کسی کو جاگیر میں سندھ نہیں ملا ہوا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اگر الیکٹیبلزسے ہاتھ ملاتے رہیں گے تو کہاں تبدیلی آئے گی ۔