وزیراعظم سے جنرل قمر جاویدباجوہ کی ملاقات کنیٹر،بڑی کے آرچ بشپ آرمی چیف سے ملے
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات پرائم منسٹر ہائوس میں ہوئی جس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملکی سلامتی، سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ دریں اثناء چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی اور اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے پیر کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مذہبی اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نہ صرف قیام پاکستان میں بلکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کے کردار کو بھی تسلیم کیا۔ انہوں نے پاکستان بھر میں مسیحی برادری کے زیر انتظام تعلیم، صحت اور عوامی بہبود کے شعبوں میں مختلف اداروں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستان کی مسلح افواج کے حصے کے طور پر مادر وطن کے دفاع میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ اعزازی آرچ بشپ نے دہشت گردی سے نمٹنے اور ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے یہ عہد بھی کیا کہ مسیحی برادری عوامی فلاح و بہبود کے لیے دل و جان سے کردار ادا کرے گی۔