• news

فیول ایڈجسٹمنٹ جنوری:کیلئے بجلی5.94روپے یونٹ:ایل پی 27روپے کلو مہنگی


 اسلام آباد‘ لاہور (نامہ نگار‘ نیوز رپورٹر) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 5روپے 94پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ بجلی صارفین پر 58ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 6روپے 10پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی۔ چیئرمین نیپرا نے پوچھا کہ جنوری میں ایل این جی کم جبکہ ڈیزل اور فرنس آئل زیادہ استعمال کیوں ہوا؟۔ حکام نے جواب دیا کہ طلب کے مقابلے میں ایل این جی کی دستیابی بہت ہی کم تھی۔ نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں 5روپے 94پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں بجلی صارفین پر 58ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک حکام پر نہیں ہوگا۔ نیپرا حکام نے کہا کہ جنوری میں ایل این جی کمی سے 7ارب 74کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ اس سے صارفین پر 92پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ پڑا۔ اگر سولر اور ونڈ والے لائسنس یافتہ پلانٹس چلتے تو ایک روپے مزید کمی ہوتی۔ نیپرا حکام کے مطابق سولر اور ونڈ والے لائسنس یافتہ پلانٹس چلتے تو ایک روپے مزید کمی ہوتی۔ نیپرا حکام نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر کوئلے اور ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اگر ایندھن کی قیمتیں نہ بڑھتی تو بجلی قیمت میں کمی ہوتی۔ دوسری جانب اوگرا کی طرف سے ایل پی جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کردیا گیا۔ غریب صارفین کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمت 234 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 2759روپے اور کمرشل سلنڈر 10,613 روپے مقرر کردی گئی۔ اوگرا نے مارچ 2022 کیلئے ایل پی جی کی نئی صارفی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جار ی کر دیا۔ جس کے مطابق ایل پی جی 27 روپے ایک پیسہ فی کلو، گھریلو سلنڈر 319 روپے اور کمرشل سلنڈر 1226 روپے مہنگا کر دیا گیا۔ سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس میں 108 ڈالر فی میٹرک ٹن کا اضافہ بین الاقوامی منڈی میں ایل پی جی کی قیمت 980 ڈالر فی میٹرک ٹن ہو گئی۔ نئے پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت 2 سال میں 160 فیصد اضافہ ہوا، قیمت تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔اپریل 2020 میں 90روپے فی کلو، 1067 روپے گھریلو سلنڈراور 4100 روپے کمرشل سلنڈر بکنے والی ایل پی جی آج مارچ 2022 میں 144 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 1692 روپے اور کمرشل سلنڈر 6513 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی غریب عوام کا فیول ہے۔ روز بروز بڑھتی قیمتوں سے غریب رکشہ ڈرائیور اور غریب صارفین کے چولہے ٹھنڈے ہونے لگے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن