آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرانے کی بھارتی سازش بے نقاب کھلاڑی کے خاندان کو دھمکیاں
اسلام آباد‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی روکنے کے لیے بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں اور سازشوں سے باز نہ آئی لیکن اس بار بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔ 24 سال بعد دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے ہیں تاکہ وہ بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کی طرح دورہ ادھورا چھوڑ کر چلی جائے۔ فروری 2022ء کو پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک رکن کے خاندان کو انسٹا گرام پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے جس میں انہیں پاکستان جانے پر خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکی ملی۔ اس طرح کی حساس معلومات تک رسائی اور ترسیل صرف خفیہ ایجنسیز کے پاس ہی ہو سکتی ہے۔ جس سے صاف ظاہر ھوتا ھے کہ پہلے کی طرح اس بار بھی بھارتی حکومت کے ایماء پر یہ سازش تیار ہوئی۔ بظاہر دھمکی آمیز پیغامات بھجوانے کے لیے انسٹا گرام پر فیک اکاؤنٹ jyot.isharma391 کا استعمال کیا گیا لیکن تفصیلی تحقیقات کے دوران اس دھمکی آمیز پیغامات کے پیچھے بھارتی گجرات میں مقیم مرائدل تیواڑی کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں۔ مرائدل تیواڑی بھارتی گجرات میں آئی ایم سی لمٹیڈ میں بطور انوائرمینٹل، ہیلتھ اور سیفٹی آفیسر کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کا ای میل ایڈریس mridul.tiwari07@gmail.com ہے جبکہ موبائل فون نمبر 00917060185885 ہے۔ بھارتیوں کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا یہ طریقہ کار پہلے بھی استعمال کیا جا چکا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی گئیں۔ آئی پی ایل میں شامل نہ کرنے کی باتیں تو ویسٹ انڈین پلیئر نے سوشل میڈیا پر شیئر کر ہی دی ہیں۔ اس کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اہل خانہ کو بھی اسی طرح دھمکیاں دی گئی تھیں۔ کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ سے مکمل باخبر ہے۔ پی سی بی کرکٹ آسٹریلیا اور دونوں اطراف کی سرکاری سکیورٹی ایجنسیز نے اس پوسٹ کی نوعیت اور کنٹینٹ کی تحقیقات کی ہیں۔ ’’اس قسم کی سوشل میڈیا سرگرمی کے لئے جامع سکیورٹی پلانز ترتیب دیئے گئے ہیں اور انہیں اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس حوالے سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔