وزیراعظم کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا، سوچ سمجھ کر اعلان کیا: وزراء
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عمران کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کرونا کے پہلے سال بکھری ہوئی معیشت کو اکٹھا کیا اور غریبوں کا احساس کیا۔ وزیراعظم کے خطاب کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے باوجود اور کرونا سے مقابلے کے باوجود مڈل اور لوئر مڈل کلاس کیلئے اتنا بڑا پیکج ظاہر کرتا ہے وزیر اعظم کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے سوچ سمجھ کر اعلان کیا ہے۔ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ہم نے عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امپورٹ ایکسپورٹ میں 35 سے 40 ارب کی گیپ ہے۔ اس گیپ کو آئی ٹی سیکٹر پورا کرسکتا ہے۔ آئی ٹی سیکٹر ہمارے لئے لائف لائن ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو 5 سال تک ٹیکس چھوٹ ملے گی۔ اکانومی گروتھ کررہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان اپوزیشن کے دبائو سے نہیں، ہمیں عام آدمی کا احساس ہے۔ ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج اپوزیشن نہیں مہنگائی ہے۔ مہنگائی کی بنیادی وجہ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ وزیراعظم کے اعلانات عوام کی امنگوں کے مطابق ہیں۔ آج کے اعلانات سے مہنگائی میں کمی آئے گی۔ اپوزیشن کی سمت ایک نہیں، ایک جماعت انتخابات چاہتی ہے، دوسری حکومت میں تبدیلی چاہتی ہے، ہمیں مہنگائی کا چیلنج تھا اور ہے، اس کا مقابلہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر ہم اپنے اتحادیوں سے ملتے ہیں تو کیا برائی ہے۔