• news

پی ایس ایل کی کامیابی پر مبارکباد،پر امن پاکستان جیت گیا،امن دشمن ہار گئے،عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سیون کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں اور پاکستان آمد پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ میگا قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین رہیں اور تمام اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کو پرامن ماحول میں میچوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا اور پورے ٹورنامنٹ کے دوران قوم کا جوش و خروش اور جذبہ لائق تحسین رہا۔ میچوں میں عوام کے جوش وخروش سے پوری دنیا کو پیغا م گیا کہ پاکستانی قوم پرامن قوم ہے۔ پرامن پاکستان جیت گیا اور امن دشمن ہار گئے۔ سپر لیگ کیلئے پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے شاندار انتظامات کیے اور میچوں کیلئے پولیس نے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے۔ فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی گئی۔ پولیس و انتظامیہ کے افسروں و عملے نے محنت سے کام کر کے میگا ایونٹ کو کامیاب بنایا۔ شائقین کا جوش و جذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف رہا۔ علاوہ ازیں پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ قومی مہم کاآج آغاز ہوگیا ہے۔ عثمان بزدار نے بچوں کو قطرے پلا کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے  کہا کہ مہم کے دوران دو کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ حکومتی کاوشوں اور پولیو ٹیموں کی محنت کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں اور گزشتہ 14 ماہ کے دوران پولیو کا ایک کیس بھی منظر عام پر نہیں آیاجبکہ گزشتہ 7ماہ سے پنجاب سے حاصل ہونے والے تمام ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک، یعنی منفی ہیں۔ عثمان بزدار نے سینئر صحافی میاں شاہد ندیم کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن