• news

فارن فنڈنگ،الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی سے سکرونٹی کمیٹی رپورٹ پر جواب مانگ لیا


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن میں تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل انور منصور نے اپنی دو درخواستوں پر دلائل مکمل کر لیے۔ الیکشن کمشن نے آئندہ سماعت تک پی ٹی آئی سے سکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر بھی جواب مانگ لیاا ور الیکشن کمشن نے درخواست گزار اکبر بابر کے وکیل کو بھی آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔ تحریک انساف کے وکیل انور منصور نے اپنے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار اکبر ایس بابر کا عمران خان سے ذاتی مسئلہ ہے۔ درخواست بدنیتی پر تھی۔ پی ٹی آئی اور اس کے چیئرمین کو بدنام کیا گیا۔ انور منصور نے کہا کہ اکبر ایس بابر کو حق دعوی ہے نہ ہی سماعت میں آنے کا اختیار ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات اس حوالے سے واضح ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سے استفسار کیا اکبر بابر تو کئی سال سے کیس لڑ رہے ہیں پہلے اعتراض کیوں نہیں ہوا۔ اکبر ایس بابر کے وکیل نے جواب دیا پہلے تحریک انصاف کی اعتراض کی ایسی چھ درخواستیں خارج ہو چکی ہیں۔ درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن نے اپنے دلائل میں کہا کہ فنڈز کی تفصیلات دینا ہر جماعت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے اکائونٹس چھپائے۔ الیکشن کمشن نے آئندہ سماعت تک پی ٹی آئی سے سکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر جواب مانگ لیا۔ درخواست گزار اکبر بابر کے وکیل کو بھی آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن