سعودی سفیر کی ملاقات دورہ آسٹریلیا بھارت کو ہضم نہیں ہو رہا:شیخ رشید
اسلام آباد+لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+سپورٹس رپورٹر) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان سعودی عرب دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے گذشتہ ماہ دورہ پاکستان کے حوالے سے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ کو سعودی ہم منصب پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی جانب سے دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ نمائش 6 سے 9 مارچ ریاض میں ہوگی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی وزیر داخلہ کی پاکستان آمد سے پاک سعودی دو طرفہ تعلقات میں نئی جہت پیدا ہوئی ہے۔ آنے والے دنوں میں داخلہ وزارتوں کے روابط میں مزید وسعت آئے گی۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات لے رہے ہیں۔ دریں اثناء منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کو سربراہ مملکت کے برابر سکیورٹی دی ہے، بھارتی سازش ناکام ہوگئی ہے، بھارت ہماری خوشی میں خوش نہیں۔ انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز بہترین کام کر رہے ہیں۔ بدقسمتی سے نیوزی لینڈ ٹیم بھارتی سازش کا شکار ہوئی۔ مستقبل میں سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ بہترین انتظامات پر پاک فوج، رینجرز سمیت تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ منگل کو وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ شیح رشید کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم کو ہماری مہمان نوازی پسند آئے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو بہترین انتظامات دیے جائیں گے۔