• news

تربت کا دورہ ،بلوچستان میں امن،ترقی پاک فوج کی اولین ترجیح ،آرمی چیف


کوئٹہ+اسلام آباد (بیورو رپورٹ+خبر نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن اور ترقی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے کے عوام نے ترقی اور استحکام کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ نوجوان اپنی توانائیاں تعلیم اور ہنر کے حصول کی جانب صرف کریں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو تربت کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین، طلباء سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال، بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے جوانوں کے حوصلے، آپریشنل تیاریوں اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے علاقے سے تعلق رکھنے والے مقامی عمائدین، قبائلی سربراہان، طلبائ، وکلائ، خواتین سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں اپنی توانائیاں تعلیم اور ہنر کے حصو ل کیلئے موجود مواقع میں صرف کرنی چاہئیں۔ انہوں نے علاقے کی سکیورٹی اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شمولیت کیلئے انکی حوصلہ افزائی کی۔ آرمی چیف نے کہا فوج بلوچستان کے عوام کی سماجی اور اقتصادی بہتری کے منصوبوں کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں نے ترقی اور استحکام کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ جامع قومی کوششوں سے ہی بلوچستان کی حقیقی استعداد کا ادراک کیا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں تربت پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن