جنوبی پنجاب کیلئے ملازمتوں میں 3.2فیصد کوٹہ مختص ،نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف کی شق شامل
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 51واں اجلاس 4گھنٹے جاری رہا اور اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974میں ترمیم کی منظوری دے دی جس کے تحت جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کا تاریخ ساز فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے اتفاق رائے سے جنوبی پنجاب کیلئے ملازمتوں میں 32فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیگر پسماندہ اضلاع کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کیلئے کمیٹی کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس1961کے تحت ویسٹ پاکستان رولز میں ترمیم کی منظوری دی۔ اس ترمیم سے نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف نامے کی شق شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور نکاح کے وقت دولہا دلہن کو ختم نبوت پر ایمان کا حلف دینا ہوگا۔ کابینہ نے سی پیک کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی لیز پر دینے کی اصولی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کارپوریٹ فارمنگ کیلئے لیز کے قواعد و ضوابط طے کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب میں 500ایکڑ سے5ہزار ایکڑ اراضی کارپوریٹ فارمنگ کیلئے استعمال ہوسکے گی۔ کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور فوڈ سکیورٹی اور جدید زراعت کو فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کی پالیسی کو آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ایکٹ2021کی منظوری دی۔ پنجاب بھر میں مستقل بنیادوں پر انصاف سہولت بازار قائم کیے جائیںگے۔ انصاف سہولت بازاروں میں عوام کو سستے داموں اشیاء ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔ اتھارٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ اور وائس چیئرمین صوبائی وزیر صنعت ہوں گے۔ کابینہ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورکے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی اور اہلیت کا معیار طے کرنے کا معاملہ محکمہ قانون کے سپرد کر دیا۔ پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ 2018میں ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت بعض محکموں کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے قواعد وضوابط میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے عدالتی احکامات کی روشنی میںآوارہ کتوں کیلئے برتھ کنٹرول پالیسی، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2020 اور پنجاب ڈرگز رولز2007میں ترامیم رواں مالی سال-22 2021کے دوران کماڈیٹی آپریشن کو فنانشل کور فراہم کرنے کیلئے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی جبکہ رواں مالی سال 2021-22کے دوران امپورٹڈشوگر پر مارک اپ اور سبسڈی کی ادائیگی کیلئے ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل اورووکیشنل اداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ کنزیو مرپروٹیکشن کونسل کی تشکیل نو اور پنجاب پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اتھارٹی پرائیویٹ سکولوں کو ریگولیٹ کرے گی اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ، والدین، اساتذہ شکایات کے ازالے کیلئے رجوع کرسکیںگے۔ پنجاب ایگزامینیشن بزنس رولز 2021، سکینڈری ایجوکیشن میں وسیلہ تعلیم پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنے اور رواں مالی سال 2021-22کیلئے صوبے میں کفایت شعاری کے اقدامات ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی اور تمام محکموںکے ٹیلی فون آپریٹرز کی آسامیوں کواپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔ محکمہ جیل خانہ جات اوردیگر محکموں کی جا نب سے اپ گریڈیشن کی سفارشات کو منظور کیا گیا۔ ایس ایچ اوز کو ڈرائنگ اینڈ ڈسپرسنگ آفیسر کے مالی اختیارات دینے کی منظوری دی گئی۔ پولیس میں اکائونٹنٹس (سینئر کلرک بی ایس14) کی 720آسامیوںکی منظوری دی گئی۔ ان کلاسیفائڈ فاریسٹ کو پروٹیکڈ فاریسٹ قرار دینے کا فیصلہ کیاگیا اور نمل جھیل کو تحفظ کیلئے وٹ لینڈ (Wetland) قرار دینے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب وائلڈ لائف پروٹیکشن، پریزویشن، کنزویشن اینڈ مینجمنٹ ترمیمی ایکٹ 2007کے تحت نایاب نسل کے پرندوں کو فرسٹ شیڈول سے تھرڈ شیڈول اور فورتھ شیڈول سے تھرڈ شیڈول میں منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ جوڈیشنل کمپلیکس مری کی توسیع کیلئے اراضی منتقل کرنے کامعاملہ وزارتی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ ٹلہ ریزروفاریسٹ کو ٹلہ جوگیاں کو نیشنل پارک قرار دینے اورسالٹ رینج نیچر ریزرو کمپلیکس کے قیام کی منظوری دی گئی۔کوٹ ادوو کے موضع گجرات میں ماڈل پولیس سٹیشن ،اراضی سینٹراور ریسکیو 1122سٹیشن کے قیام کیلئے 4کنال اراضی کی منتقلی ضابطہ فوجداری سیکشن 196کے تحت ڈپٹی کمشنر کو اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دی گئی۔ پی ایس ڈی پی اوراے ڈی پی کے تحت نیشنل پروگرام برائے امپروومنٹ آف واٹر کورسز ان پاکستان (پنجاب کمپوننٹ) فیز ٹوکیلئے سٹاف کی تعیناتی کی اصولی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کیلئے خرید کردہ پیسٹی سائیڈ کو فوری نیلام کرنے کی اجازت دی گئی۔ پنجاب لگژری ہاؤس ٹیکس رولز 2014میں ترمیم اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کی ایکریڈیشن کمیٹی کے قیام کی پنجاب فنانس ایکٹ 2021کی ذیلی شق 3میں ترمیم کی الیکٹرک گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس پر 95فیصد استثنیٰ دینے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ایکٹ1973 ذیلی شق 31کے تحت گارنٹی اور قرضہ جات کی مقررہ حد کو بڑھانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ متحدہ علماء بورڈکو ریگولیٹ کرنے کے لئے بل پیش کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکس بک بورڈ لاہورکی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2019-20کی منظوری دی گئی۔ آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹس برائے سال 2017-18،2018-19 اور 2019-20کی منظوری دی گئی۔ پنجاب حکومت کی مالیاتی رپورٹ برائے سال 2018-19کی منظوری دی گئی۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے آٹو میشن فیئر کولیکشن اوربس شیڈول سسٹم کے بارے میں انفارمیشن سسٹم آڈٹ رپورٹ برائے سال2019-20کی منظوری دی گئی۔پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال 2019-20میں کرونا کے حوالے سے ہونے والے اخراجات کی خصوصی آڈٹ رپورٹ کی منظوری دی گئی۔پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف وویمن کی سالانہ رپورٹس برائے سال 2019 اور 2020 پنجاب بیت المال کونسل کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2019کی منظوری دی گئی۔پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی سالانہ آڈٹ اینڈ پرفارمنس رپورٹ برائے سال2016-17 اور 2017-18 کی منظوری دی گئی۔پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی اپروپیشن برائے مالی سال 2017-18کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف ’’لانگ مارچ‘‘ کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں اور یہ ہے وہ تبدیلی جو کپتان لا رہا ہے۔ پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دیا گیا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا اعزاز پی ٹی آئی حکومت کو حاصل ہوا ہے۔پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی ہونے سے دیگر اشیاء ضروریہ بھی سستی ہوں گی اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔ عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک اورصوبائی وزیر لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں اور راجن پور میںجاری ترقیاتی سکیموںکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب کوعلیحدہ شناخت دی ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی اور انتظامی لحاظ سے بااختیار بنایا ہے۔ سابق حکمران دعوے کرتے رہے لیکن جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ لانگ مارچ کے دعویدار شارٹ مارچ بھی نہیں کرسکے۔ عدم اعتمادکی باتیں کرنے والوں کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں ۔پاکستان کو مارچ یا عدم اعتمادکے ذریعے آگے نہیں لے جایاجاسکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن ترقی کے سفر میں رخنہ ڈال رہی ہے اور انتشار کی سیاست پاکستان کی یکجہتی کیلئے زہر قاتل ہے۔ عثمان بزدار نے شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہری دفاع کے ادارے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیا دہ بڑھ گئی ہے۔ موجودہ حالات میں شہری دفاع کے ادارے کے موثر کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ شہری دفاع کے ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق نئے تصورات سے ہم آہنگ کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔