• news

آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان بہت بڑی کامیابی :خواجہ ندیم احمد


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان بہت بڑی کامیابی ہے۔ آسٹریلیا کا شمار کرکٹ کھیلنے والے بہترین ممالک میں ہوتا ہے چوبیس برس کے طویل عرصے کے بعد ان کے دورہ پاکستان سے بیرونی دنیا میں پاکستان کے حوالے سے پائی جانے والی منفی سوچ بھی ختم ہو گی۔ پاکستان میں کرکٹ پسند کرنے والے کروڑوں شائقین طویل عرصے تک دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اپنے میدانوں پر کھیلتے ہوئے دیکھنے سے محروم رہے ہیں۔ اس دورے سے پاکستان کرکٹ ایک نئے دور میں داخل ہو گی جہاں باہمی اعتماد مزید مضبوط ہو گا اور ملک میں مکمل کرکٹ سیریز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سفر میں افواجِ پاکستان، رینجرز، پولیس سمیت تمام ادارے اور مختلف حکومتوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے وہ سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ خاص طور پر عام شہری جنہوں نے کرکٹ کی واپسی کیلئے تکالیف برداشت کیں، کاروبار بند ہوئے، سڑکیں بند ہوئیں لیکن سکیورٹی اداروں کی کوششوں سے اب زندگی معمول کی طرف واپس آ رہی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہو گا۔ لاہور میں ہونے والے میچز کے دوران بہت اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔ شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

ای پیپر-دی نیشن