ٹیلی فونک رابطہ ، پیکا آرڈ نینس واپس لینے کو تیار ، فیسلے کا اختیار پر ویز الہی کو دیدیا: فواد چودھری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، خبر نگار خصوصی، آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے حکومت پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ترمیمی آرڈیننس واپس لینے کیلئے تیار ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو پیکا قانون کے حوالے سے فیصلے کا مینڈیٹ دے دیا ہے، اگر جوائنٹ ایکشن کمیٹی تجاویز منظور کرالے تو حکومت سفارشات منظور کر لے گی۔ دریں اثناء پرویزالٰہی نے فون پر فواد چودھری سے رابطہ کیا اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دورہ لاہور کے دوران چوہدری شجاعت حسین کی صحت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان پیکا قانون سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پرویز الٰہی نے وفاقی وزیر اطلاعات کو پیکا قانون پر میڈیا پارٹیز کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی پیکا قانون پر میڈیا اور حکومت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔ حکومت تنقید کا خیرمقدم کرتی ہے لیکن تنقید کی آڑ میں کسی کی ذات پر حملہ کرنا قطعاً درست نہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کے میڈیا فریقین کے ساتھ جو بھی معاملات طے ہوں گے حکومت ان پر عمل درآمد کرے گی۔ حیران کن بات ہے کہ اپوزیشن اور میڈیا میں ان کے ہمنوا پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم ہونے پر سیخ پا ہیں۔ وزیر اطلاعات نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان میں مہنگائی نیچے جا رہی ہے۔ یہ ہمارے لئے اطمینان کا باعث ہونا چاہیے نہ کہ پریشانی کا، اپوزیشن کو اصل دکھ اگلی باری نہ ملنے کا ہے۔ دریں اثناء ازبکستان کے قومی ملبوسات اور ٹیکسٹائل ورکرز کی مصنوعات کی نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات نئی جہت پر پہنچ گئے ہیں۔ سنٹرل ایشیا کو راہداری دینا وزیراعظم کا ویژن ہے، جس سے وسط ایشیائی ممالک سے تعلقات مستحکم ہوں گے۔ ازبکستان کے صدر کا دورہ پاکستان خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔