• news

بھارت کے 3دریائوں پر متنازعہ پن بجلی منصوبے ، پاکستان کا اعتراض

اسلام آباد (نامہ نگار) بھارتی وفد نے پاکستان کو اپنے متنازعہ منصوبوں کے دورے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مذاکرات کا سلسلہ میں دوسرا دور جاری رہا۔ مذاکرات دونوں ممالک کے انڈس واٹرکمشنرز کی سطح پر ہوئے۔ مذاکرات میں پاکستان نے آبی جارحیت پر سوالات اٹھائے، پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے، اس نقصان کا ذمہ دار کون ہوگا، چناب پر بننے والا متنازعہ منصوبہ کیرو پن پر بھی اعتراضات ہیں۔ وزارت آبی وسائل کے حکام نے کہا کہ دریائے چناب پر کیرو پن بجلی منصوبہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کو دریائے سندھ پر نیموں چلنگ ڈیم اور دریائے پونچھ پر مانڈی ڈیم کی تعمیر پر بھی اعتراض ہے۔ پاکستان کی جانب سے اعتراضات پر بھارتی وفد نے پاکستان کو بھارت میں متنازعہ منصوبوں کے دورے کی یقین دہانی کروا دی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سے پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ اور بھارت کی جانب سے مذاکرات کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن