نیب نے نوازشریف کی جائیداد قرق کرنے کے خلاف اعتراضات پر جواب جمع کرا دیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں میر شکیل کے شریک ملزم نواز شریف کی جائیدادیں قرق کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جس میں نیب نے نواز شریف کی جائیداد اور کمپنیوں میں شیئرز کی تفصیلات احتساب عدالت میں جمع کرا دیں۔ نیب نے نواز شریف کی زمین قرق کرنے کے خلاف دائر اقبال مسیح کے اعتراضات پر جواب جمع کروایا۔ نواز شریف کی جائیداد قرقی کے خلاف مختلف افراد نے اعتراضی درخواستیں دائر کی ہیں۔ اعتراضات کنندگان کی درخواستوں میں ایسا کوئی ثبوت نہیں جن سے ثابت ہو کہ وہ قرق شدہ جائیدادوں کے حقیقی مالک ہیں۔ نیب نے نواز شریف کے علاوہ کسی اور فرد کی جائیداد یا شئیر قرق نہیں کئے۔ نیب پراسیکیوٹر حارث قریشی نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ درخواست گزار اقبال مسیح کے اعتراضات بلا جواز ہیں، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ اقبال مسیح کی جائیداد قرقی کے خلاف دائر اعتراضات مسترد کئے جائیں۔