ہر قیمت پر دفاع کریں گے، امیر البحر: نیول یونٹس، اگلے مورچوں کا دورہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سمندر اور ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کے یونٹس اور کریکس ایریاز میں واقع اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ اہم میری ٹائم مشق سی سپارک 2022 ء میں شامل جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ اورماڑہ میں واقع جناح نیول بیس پہنچنے پر آپریشنل صورتحال اور مشق کے علاقے میں تعینات پاک بحریہ کے اثاثوں سے متعلق ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں نیول چیف نے سمندر میں پاک بحریہ کے جہازوں طارق اور طغرل کا دورہ کیا اور مشق کے مختلف مراحل اور سرگرمیوں میں شامل افسروں اور جوانوں سے گفت وشنید کی۔ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ امیرالبحر نے موجودہ چیلنجنگ ماحول میں مادر وطن کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے میں جوانوں کی لگن اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔ نیول چیف نے ملک کی بحری سرحدوں کی ہر قیمت پر حفاظت کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔