8 ماہ میں تجارتی خسارہ 82.28 فیصد بڑھ گیا: ادارہ شماریات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 82.28 فیصد بڑھ گیا۔ تفصیل کے مطابق ادارہ شماریات کیاعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 17 ارب 53 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھا۔ بیان کے مطابق گزشتہ 8 ماہ جولائی 2021 سے فروری 2022 تک درآمدات میں 55.08 فیصد اضافہ ہوا، جس کا حجم 52 ارب 50 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا۔ درآمدات کے حوالے سے کہا گیا کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں درآمدات 33ارب 85 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھیں۔ ادارہ شماریات نے کہا کہ رواں مالی سال کے 8 ماہ میں برآمدات 25.88فیصد بڑھیں، جولائی سے فروری تک برآمدات 20 ارب 54 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات 16 ارب 32 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھیں۔ اعداد وشمار میں کہا گیا کہ فروری میں سالانہ بنیاد پر برآمدات 35.78 فیصد بڑھیں، فروری میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 7.42 فیصد اضافہ ہوا اور 2 ارب 80 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز حجم کی برآمدات ہوئیں۔ اس سے قبل جنوری میں برآمدات 2 ارب 61 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہی تھیں۔ فروری میں سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 22.19 فیصد بڑھا جبکہ ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 9.69 فیصد کم ہوا اور فروری میں تجارتی خسارے کا حجم 3 ارب 9 کروڑ ڈالر رہا۔ بیان میں کہا گیا کہ فروری میں سالانہ بنیاد پر درآمدات 28.30 فیصد بڑھیں جبکہ ماہانہ بنیاد پر درآمدات میں 2.28 فیصد کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات نے کہا کہ فروری میں درآمدات کا حجم 5 ارب 90 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا جبکہ جنوری میں درآمدات 6 ارب 4 کروڑ ڈالر تھیں۔