محاصرے تلاشی کاروائیاں جاری ایک او ر قابض فوجی کی خودکشی
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی ہے ۔بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے سی آر پی ایف کے ایک جوان کانسٹیبل آنند لال نے بدھ کو سری نگر کے ایک کیمپ میں خودکشی کر لی۔ آنند لال صنعت نگر میں سی آر پی ایف 29 بٹالین کے کیمپ میں تعینات تھا۔ اس نے AK-47 رائفل سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ دوسری جانب ہجیرہ آزاد کشمیر کے رہائشی ایک شخص کو بھارتی فوج نے ایل او سی سے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی فوج نے دو روز قبل دلشان ولد محمد سعید ساکن ہجیرہ آزاد کشمیر کوضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول سے پکڑا لیا تھا۔ یوکرین کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم 215 کشمیری طلباء وطالبات میں سے چند طلبا وطالبات واپس مقبوضہ کشمیر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ 30 کشمیری طلبا کا ایک گروپ رومانیہ پہنچنے میں کامیاب ہو گیا ہے ۔ جموں پہنچنے والی طالبہ نے کہا ہے کہ یوکرین میں بھارتی سفارت خانے نے ہماری کوئی مدد نہیں کی ۔ ہم سفارت خانے کی مدد کے بغیر اپنی مدد آپ واپس پہنچے ہیں۔
کشمیر