خیبر پی کے‘ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے الیکشن کمشن کی آگاہی ورکشاپس جاری
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے عوامی آگاہی کے سلسلے میں میڈیا کے ساتھ مقامی پریس کلبوں کے تعاون سے میڈیا ورکشاپس کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں جنوبی وزیرستان میں مقامی صحافیوں کے تعاون سے میڈیا ورکشاپ منعقد کیا گیا۔ جس میں صحافیوں سمیت امیدواروں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ اسی طرح باقی اضلاع بشمول 4 قبائیلی اضلاع میں مقامی پریس کلبوں کے تعاون سے یہ ورکشاپس منعقد کئے جا رہے ہیں۔ عوامی سطح پر ان ہی اضلاع میں میڈیا کے تعاون سے ان کو بیلٹ پیپرز کی 6 اقسام اور انتخابات کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی دی جا رہی ھے تاکہ میڈیا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے عوام 31 مارچ کو ہونے والے انتخابات میں اپنا ووٹ پول کرانے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں آسانی میسر آجائے۔