• news

منشیات کیس: چالان بروقت کیوں جمع نہیں کرایا ‘ ہائیکورٹ کا سی سی پی او سے استفسار


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے 1360گرام منشیات برآمدگی کیس میں ملزم ندیم عرف دیما کی درخواست ضمانت 50ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کر لی ہے۔ ملزم کے وکیل سید آصف رضا ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سات ماہ سے ملزم جیل میں قید ہے جسے غیر معینہ مدت تک نہیں رکھا جا سکتا‘ الزام ثابت کرنے کے لیے گواہوں کی ضرورت ہے۔ گواہوں کے بیان کی روشنی میں مجاز عدالت فیصلہ کرے گی۔ مقدمہ کا چالان بروقت مجاز عدالت میں جمع نہ کروانے پر ملزم کا کوئی قصور نہیں۔ دوران کیس کی سماعت فاضل عدالت کے روبرو سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشن پیش ہوئے۔ فاضل عدالت نے سی سی پی او سے استفسار کیا کہ مقدمہ کا چالان بر وقت عدالت میں جمع کیوں نہیں کروایا گیا جس پر سی سی پی او نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ پولیس آفیسر کی نااہلی ہے۔ اس پولیس آفیسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن