بلوچ کلچر ڈے پر تقریبات، شرکاء کا پاک فوج، ایف سی سے اظہار محبت
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) دو مارچ بلوچ کلچر ڈے پر گوادر میں ایف سی بلوچستان کی جانب سے مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔ محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا۔ تربت میں بہت بڑا میلہ لگا جہاں بلوچ قدیم ثقافت کی روایتی اشیاء کے بڑے پیمانے پر سٹالز لگائے گئے، مختلف تعلیمی اداروں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے۔ اشیاء کے ڈیزائن پیش کیے گئے۔ تربت میں ایف سی کی جانب سے رات کو رنگارنگ محفل موسیقی بھی ہوئی۔ نامور بلوچی گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔ ہرنائی میں بھی بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے تقاریب ہوئیں۔ تقاریب میں ٹیبلوز اور بلوچی رقص کے ذریعے بلوچ کلچر کے خدوخال کو نمایاں کیا گیا۔ فرنٹیئر کور کے حکام نے طلباء میں امدادی سامان اور کھانے کی اشیاء بھی تقسیم کیں۔ ایف سی حکام اور طلباء نے شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے مختلف اقسام کے پودے لگائے۔ عمائدین، اساتذہ اور طلباء نے پاکستان آرمی اور فرنٹیئرکور سے محبت کا والہانہ اظہار کیا۔