کرونا، 22 اموات، کیسز میں مسلسل کمی، ایک کروڑ طلبہ کی ویکسینیشن کا سنگ میل عبور
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میں پانچویں لہر کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 23 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ مزید 22 کرونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 765کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 2ہزار 307مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 68 ہزار 635 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 8 ہزار 73 ہو گئیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 5 لاکھ 1 ہزار 758 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 504 ہو چکی ہیں۔ پاکستان نے کرونا وائرس کی ویکسی نیشن کے حوالے سے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں 12سال سے زائد عمر کے ایک کروڑ سے زائد طلبہ کو ویکسین لگادی گئی ہے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 12سال سے 17سال تک کی عمر کے کم از کم 70فیصد طلبہ ویکسین کی مکمل خوراک حاصل کر چکے ہیں۔ ویکسین لگوانے والے 12سال سے زائد عمر طلبہ کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 13لاکھ پر پہنچ چکی ہے۔ وفاقی حکومت نے کرونا ہیلتھ کیئر ورکرز کو سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہیلتھ ورکرز کو 23مارچ کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ وزارت صحت نے بتایا کہ صوبوں، آزادکشمیر اور جی بی کے ہیلتھ ورکرز سول ایوارڈز کیلئے وفاقی حکومت نامزدگیاں طلب کرے گی۔