جیل خانہ میں 4662اسامیوں پر بھرتی کی منظوری ، اپوزیشن کے مقدس میں ناکامی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صد ارت جیل اصلاحات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا۔ جیل خانہ جات میں واچ اینڈ وارڈ سٹاف کی 4662 اسامیوں پر بھرتی کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی نے کہا کہ بیمار قیدیوں کو جیل ہسپتال سے دوسرے ہسپتال شفٹنگ کیلئے پہلے مرحلے میں 22ایمبولینس گاڑیاں فراہم کی جائیں گی اور اگلے سال مزید 21 ایمبولینس گاڑیاں دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے اہل خانہ سے رابطے کیلئے مزید پی سی او قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستحق اورکم عمر قیدیوں کو مفت کال کی سہولت دی جائے گی۔ ساہیوال میں پنجاب پریزن سٹاف ٹریننگ کالج قائم کیا جائے گا اور 10جیلوں میں اضافی بیرکس بنائی جائیں گی۔ اخوت محکمہ جیل خانہ جات کے ملازمین کو گھر بنانے کیلئے قرضے فراہم کرے گا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے جیلوں میں سولرائزیشن کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر جیل کی کنٹین پر معیاری اشیاء کی ڈی سی ریٹ پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ غیر معیاری اشیاء اورگراں فروشی کی شکایت پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ 42جیلوں میں لائرز فسیلٹیشن سنٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔ عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے پی ایم آئی یو وحدت روڈ پر جدید ترین ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کیا۔ وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس نے ڈیٹا سینٹر کے بارے میں بریفنگ دی۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ سیاحت سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں سیاحتی مقامات کونجی شعبے کی معاونت سے ڈویلپ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دور دراز علاقو ں کے پرفضا مقامات پر سیاحتی مراکز کو ڈویلپ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ سیاحت کا ڈویلپمنٹ بجٹ 73کروڑ روپے سے بڑھا کر2ارب روپے کردیا گیا ہے ۔ کالا باغ اور ہیڈ تونسہ کے مقام پر سیاحتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ کوٹ مٹھن میں متروک بحری جہاز کو بحال کر کے سیاحوں کے لئے کھولا جائے۔ عثمان بزدار نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا نے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر دشمن پراپنی صلاحیت کی دھاک بٹھا دی ہے اور پاک بحریہ نے بھارتی نیوی کے مذموم عزائم کو ناکام بنا یا ہے۔ عثمان بزدار سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دے رہی ہے۔ اپوزیشن انتشار کی سیاست کر کے عوام کو تکلیف پہنچا رہی ہے۔ عدم اعتماد کی باتوں میں کوئی جان نہیں۔ اپوزیشن کو نمبر گیم میں نہ پہلے سبقت تھی اور نہ اب ہے۔ اپوزیشن کے مقدر میں ناکامی لکھی جا چکی ہے۔ اپوزیشن والے اقتدار کے حصول میں ملک میں انتشار چاہتے ہیں۔عوام جان چکے ہیں کہ اپوزیشن کے پاس عوام کی بھلائی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ ملک میں انتشار کی سیاست کرنے والے صرف ترقی روکنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے۔