مستحکم معیشت تیزرفتار صنعتی ترقی سے ممکن ہے:میاں اسلم اقبال
قصور(نمائندہ نوائے وقت)صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت تیزرفتار صنعتی ترقی سے ہی ممکن ہے‘روز گار کی فراہمی بھی صنعتکاری کے عمل سے جڑی ہے‘حکومت نے صوبے میں صنعتکاری کا عمل تیز کرنے کیلئے موثر لائحہ عمل اپنایا ہے‘صوبے میں 10سپیشل اکنامک زونزز بنائے گئے ہیں‘سپیشل اکنامک زونزز میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ٹینریز ایسوسی ایشن دین گڑھ قصور کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے نومنتخب عہدیداروں صدر ٹینریز ایسوسی ایشن دین گڑھ میاں شان الٰہی، سینئر نائب صدر میاں محمد مجاہد، نائب صدر نور احمد خان، آنریری سیکرٹری فضل الرحمن شیخ، آنریری خازن میاں محمد اشفاق، ایگزیکٹو ممبران بدر عالم،میاں علی ارشد، چوہدری محمد رفیق، محمد اسلم سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔