پاکستان اسلامی ریاست، مسلح جدوجہد حرام ہے،وفاق المدارس الرضویہ
لاہور(خصوصی نامہ نگار) وفاق المدارس الرضویہ پاکستان کے زیر اہتمام "پیغام پاکستان کانفرنس " کا انعقاد و جامعہ علمیہ اچھرہ میں کیا گیا۔ جس کی صدارت ڈاکٹر شمس الرحمان شمس ( نائب صدر وفاق لمدارس الرضویہ ) نے کی۔ خطبہ استقبالیہ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان ( چیئرمین وفاق المدارس الرضویہ ) نے دیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس الرضویہ پاکستان کا شروع دن سے یہ موقف ہے کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور اس میں مسلح جدو جہد حرام ہے، پاکستان کی حفاظت اپنا فرض سمجھتے ہیں ، ڈاکٹر شمس الرحمان نے کہا کہ حکمران قرآن و سنت کو عملی طور پر پاکستان میں نافذ کریں، ڈاکٹر مفتی عمران انور نظامی (ممبر امتحانی بورڈ وفاق المدارس )نے کہا کہ حکومت سود کو قانونی طور پر ناجائز قرار دے اور عریانی و فحاشی پر مبنی فلموں ، ڈراموں اور لٹریچر پر پابند ی لگائے ، مفتی محمد امان اللہ شاکر ( نائب ناظم امتحانات وفاق المدارس الرضویہ ) نے کہا پاکستان علماء و مشائخ اہل سنت کی قربانیوں اور جدو جہد کا ثمر ہے کسی بھی گروہ کو اس کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ ڈاکٹر نوید اقبال نے کہا قائد اعظم نے ہمارے بزرگوں سے نفاذاسلام کا وعدہ کیا تھا جس کا پوراہونا ابھی باقی ہے۔ پیغام ِ پاکستان کانفرنس سے مفتی محمد افضل نعیمی ، علامہ سجاد احمد، مولانا ساجد علی، رائو حسیب احمد، مولانا محمد سلیم قادری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے آخر میں وفاق المدارس الرضویہ پاکستان کی طرف سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میںپاکستان اسلامی ریاست ہے، اس میں مسلح جدو جہد حرام ہے۔