اپوزیشن ان فٹ، لانگ ، شارٹ مارچ چھوڑے میچ دیکھنے آئے: فواد چودھری
اسلام آباد (این این آئی + آئی این پی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپوزیشن کو میچ دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ فری ٹکٹ دیتے ہیں اپوزیشن آئے میچ دیکھے ، چائے بھی پلائیں گے ،ہم پاکستان اور بھارت میں کھیل کو فروغ دینا چاہتے ہیں ،بھارت سازشوں کے بجائے ٹیم پاکستان بھیجے ،وزیراعظم عمران خان میچ دیکھنے آئیں گے ۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گور نر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاکہ 24سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان آئی ہے جس کے ہم شکر گزار ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں کرکٹ بحال ہورہی ہے ، اپوزیشن کو فری ٹکٹ دیتے ہیں وہ آئے میچ دیکھے ہم چائے بھی پلائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن ہمیشہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے،پیسے لوٹنے کا معاملہ ہو، کھیل کا معاملہ ہو، ہمیشہ عوام کے خلاف ہوتے ہیں۔ ایک سوال پر وزیراطلاعات نے کہاکہ اپوزیشن ان فٹ ہے ، میچ نہیں کھیل پائیگی۔ لانگ اور شارٹ مارچ چھوڑے میچ دیکھنے آئے۔آسٹریلیا ٹیم کی پاکستان آمد پر بھارتی سازشوں کے حوالے سے کئے گئے سوال پر وزیراطلاعات نے کہاکہ چاہتے ہیں بھارتی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کھیلنے آئے۔ انہوںنے پاک بھارت سیریز کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت سازشوں کی بجائے پاکستان آ کر کھیلے ۔وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے لوگوں کے درمیان رابطے بحال ہونے چاہئیں ۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے ساتھ کرکٹ بحال ہونی چاہیے ،فلم اور میوزک بحال ہو ناچاہیے ۔انہوںنے کہاکہ بھارت کی 65فیصد عوام نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ووٹ نہیں دیا، بھارت میں بھی نریندر مودی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں ،بھارتی وزیر اعظم کو صورتحال کو سمجھنا چاہیے ۔