پنجاب میں بھی نمبر پورے، اپوزیشن ، اسمبلی اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا امکان
لاہور(نیوزرپورٹر) اپوزیشن نے پنجاب میں بھی نمبر گیم پورے کرنے کا بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کہنا ہے انہیں پی ٹی آئی کے 36 ناراض اراکین پنجاب اسمبلی کی حمایت مکمل حاصل ہیں، جس میںمسلم لیگ ن نے 29 حکومتی ناراض ارکان، پیپلز پارٹی نے 7 حکومتی اراکین کی حمایت حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن نے حکومتی ناراض اراکین سے حلف نامے لینے کا فیصلہ کیاہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس سے پہلے ہوم ورک مکمل کیا جائے۔پنجاب اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے ارکان کی تعداد 194 ہے۔ حکومت کا 2 آزاد، 4 ن لیگی اور 2 پیپلز پارٹی کے ارکان کی حمایت کا دعویٰ ہے۔ حکومت سازی کے لیے اپوزیشن کو 186 ارکان کی حمایت درکار ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد 172 ارکان پر مشتمل ہے۔ پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کی صورت میں جہانگیر ترین گروپ اور حکومتی ناراض اراکین کا کردار اہم ہو گا۔