سندھ کو مسیحا کی تلاش ، پی پی ، ن لیگ ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں : شاہ محمود
بدین (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول نے سرکاری وسائل استعمال کر کے بدین میں جلسہ کیا۔ سندھ کے لوگ کسی مسیحا کی تلاش میں ہیں۔ اشارے واضح ہیں کہ سندھ کی ہوا کس جانب چل رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے آپس میں دل صاف نہیں۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کیساتھ بھی مخلص نہیں۔ عمران خان نے کہا تھا تمام جماعتیں میرے خوف سے ایک ہو جائیں گی، سندھ مسلسل 15 سال سے پیپلزپارٹی کے ہاتھوں میں گروی ہے، سندھ کا نوجوان پڑھا لکھا طبقہ پیپلزپارٹی سے بددل اور مایوس ہوچکا۔ اب ان تلوں میں تیل نہیں، تحریک انصاف کو حکومت سنبھالتے ہی 20 ارب ڈالر کا خسارہ ملا۔3 سال میں فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، موٹر سائیکلیں ٹریکٹروں کی سیل میں اضافہ ہوا۔ بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باشعور سندھیوں نے تیر کو توڑ دیا اور اب باقی سندھ کو بدین کے لوگوں کی پیروی کرکے تیر کو توڑنا ہے اور سندھ کو جوڑنا ہے۔ بلاول بھٹو سرکاری بیسا کھیوں کے بل بوتے پر جلسے کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کل بدین میں ہمارا جلسہ تھا اور ملتان میں بلاول بھٹو کا جلسہ تھا جہاں میرا گھر ہے۔ میں میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ لا محدود تجزیہ کرلیں کہ یہاں صرف بدین کے لوگ تھے جبکہ بلاول بھٹو کے جلسے پر سیاسی طور پر تجریہ کروں تو انہیں پریشان ہونا چاہئے اور اپنی حکمت عملی پر ازسر نو غور کرنا چاہئے کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی کیا کیفیت ہوگئی ہے۔