• news

سلیکٹڈ نے لندن بھاگنا ہے ، ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ: بلاول


ساہیوال، لاہور،ملتان ‘ساہیوال‘ چیچہ وطنی‘ کسووال (سپیشل رپورٹر ‘نامہ نگار،نامہ نگاران‘نمائندہ نوائے وقت) بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ کا کوئی مستقبل نہیں اس نے تو لندن بھاگنا ہے، ہمارا تو مرنا جینا عوام کے ساتھ ہے۔ خانیوال میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت دیکھ کر اس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، بنی گالہ سے چیخیں آ رہی ہیں، تین سال سے کہہ رہا تھا دنیا بھر میں مہنگائی ہو رہی ہے، ہر دوسرے ہفتے 10 سے 12 روپے پٹرول کی قیمتیں بڑھاتے رہے، جیالوں کی محنت کے بعد کٹھ پتلی جھک گیا، پٹرول کی قیمتوں میں 10 روپے کمی جیالوں کی کامیابی ہے۔ کٹھ پتلی خوفزدہ اور ڈرپوک ہے۔ یہ سلیکٹڈ کی بھول تھی، پیپلزپارٹی نے جنرل ضیائ، جنرل مشرف کا مقابلہ کیا‘ تم تو ایک کٹھ پتلی سلیکٹڈ ہو۔ شہید بی بی کی حکومت میں کسانوں کو پورا معاوضہ ملتا تھا۔ اس حکومت نے کسانون کا معاشی قتل کیا، یوریا کا بحران پیدا کر کے کسان کا معاشی قتل کیا جاتا ہے، پانی کی تقسیم میں ناانصافی کی وجہ سے کسان کا معاشی قتل کیا جاتا ہے۔ کسانوں کو اصل قیمت نہیں مل رہی۔ کیا خانیوال کے لوگ حساب لینے کے لئے میرے ساتھ اسلام آباد چلیں گے۔ آپ نے عوامی مارچ کا تاریخی استقبال کیا ہے۔ نااہل اور ناکام ترین وزیراعظم کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بلاول رات ساہیوال میں قیام کریں گے۔ ان کے قیام کیلئے ضلعی صدر محمد ذکی چوہدری کی رہائش گاہ کے علاوہ بھی انتظامات کئے گئے ہیں اور سکیورٹی کے ضمن میں خفیہ رکھا گیا ہے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگارکے مطابق  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 مارچ تک کرپٹ اور نا اہل حکمران خود ہی استعفیٰ دے دے ورنہ ان کو بھاگنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔ حکمران چینی، آٹا، گھی اور دیگر اشیاء خوردونوش مہنگی کر کے کہتا ہے کہ میں پانچ سال پورے کروں گا، کسانوں کے ساتھ بھی سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اس حکومت نے کسانوں اور مزدوروں کا معاشی قتل کیا ہے۔ ہم ملک بچانے نکلے ہیں۔ بھٹو شہید اور بی بی شہید کا پاکستان بنا کر دم لیں گے، عوام کو بہتر معیار زندگی دینے کیلئے اس حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیلس چوک چیچہ وطنی میں بڑے جلسہ عام میں جیالوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کسووال سے نامہ نگار کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کسووال بائی پاس پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ عوام مہنگائی بے رزوگاری کی وجہ تکلیف سے دوچارہے، نااہل حکمرانوں نے عوام کا جینامشکل کردیاہے۔بلاول کل اتوار6مارچ کو لاہور میں ناصر باغ کے سامنے پی ایم جی کے دفتر کے سامنے مارچ کے شرکاء سے خطاب کریں گے ۔عوامی مارچ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آج ہفتہ 5مارچ کو لاہور کے داخلی راستے پر ملتان روڈمراکہ پر بحریہ ٹاؤن کے داخلی راستے کے قریب قیام کرے گا جبکہ بلاول بھٹو زرداری بحریہ ٹاؤن میں بلاول ہاؤس میںرات گزاریں کریں گے۔کل اتوار 6مارچ کو عوامی مارچ لاہور میں داخل ہوگا۔ساہیوال میں خطاب کرتے  بلاول نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کا تحفظ کرنے میں بالکل ناکام ہو چکی ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں دہشت گردی کا قلع قمع کرتے ہو ئے سوات میں امن کا پرچم لہرایا تھا۔ مگر  حکومت کی ناکام  داخلی و خارجی پالیسیوں کی وجہ جہاں پر عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوئی ہے وہاں پر دہشت گردی کے واقعات بھی بڑھے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے اس نا اہل حکومت کو عوامی طاقت سے گھر بھیج دیا جائے۔سندھ اور پنجاب کا حکومت سے اعتبار اٹھ چکا ہے وقت آ چکا ہے کہ عدم اعتماد کیا جائے۔ اب سب عدم اعتماد کے حق میں ہیں جو پہلے نہ تھے۔ عوام نیا الیکشن چاہتے ہیں نئی حکومت بنے جو اصل نمائندے ہوں عوام کے۔ پارلیمنٹ کا ہر ممبر 3 سالہ حکومت کے ہر جرم میں شامل ہے۔ قبل ازیں پاکپتن چوک پہنچنے پر بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کیا گیا اور 10 منٹ زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کر کے آسمان رنگین کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن