• news

ایمر جنسی سروس ایمپلائز ریگولیشن منظور ، عدم اعتماد کا کامیاب نہیں ہو گی: عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت ایمرجنسی کونسل کے 7ویں اجلاس میں پنجاب ایمرجنسی سروس ایمپلائز ریگولیشن 2022ء کی اصولی منظوری دی گئی۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کو پنجاب ایمرجنسی سروس ایمپلائز ریگولیشن 2022ء کے مسودے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔ ریسکیورز کیلئے رسک الاؤنس کی منظوری دی گئی۔ ریسکیورز کو ایک بنیادی تنخوا ہ کے برابر ریسکیور رسک الاؤنس ملے گا۔ اجلاس میں محکمہ خزانہ کو رسک الاؤنس کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت کی  گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں موٹر بائیکس ریسکیو سروس کا دائرہ کار مزید 27 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے اور جولائی تک پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹر بائیکس ایمرجنسی ایمبولینس سروس شروع ہوجائے گی۔ ہماری حکومت نے ریسکیو 1122 سروس کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے جبکہ سابق حکومت نے اس اہم ادارے کو یکسر نظر انداز کیے رکھا اور 8برس تک پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس نہ بلایا گیا۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ عدم اعتماد کے لئے اپوزیشن کی بھاگ دوڑ کسی کام نہیں آئے گی۔ نمبر گیم میں حکومت کو واضح سبقت حاصل ہے۔ تمام اپوزیشن اکٹھی بھی ہوجائیں تو بھی عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔ جس اپوزیشن اتحاد پر اس کی اپنی جماعتیں عدم اعتماد کر چکی ہوں انہیں عدم اعتماد کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔ بد قسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ آئینی مدت پوری کرے گی۔ اپوزیشن کی سیاست چمکانے کی کوشش پہلے بھی ناکام رہی اور آئندہ بھی ناکام رہے گی۔ عثمان بزدار نے 24سال کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ میچ کے آغاز پر شائقین کرکٹ کو مبارکباد دی ہے اورکہا کہ ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ میچ کا انعقاد خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن