• news

لانگ مارچ سے حکومت کی گھبراہٹ میں اضافہ ہو رہا ہے:عمران حبیب

کامونکی ( نمائندہ خصوصی ) چھ مارچ کو کامونکی پہنچنے پر جانشین قائدعوام بلاول بھٹو زرداری کا فقیدالمثال استقبال کرینگے،پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ جیسے جیسے آگے بڑھ رہا ہے حکومت کی گھبراہٹ میں اضافہ ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی سٹی کامونکی کے صدر عمران حبیب سرویا،نائب پیپلزپارٹی لندن سیٹھ سرنواز احمد،تحصیل صدر گوجرانوالہ ذوالفقار احمد چیمہ،امیدوار صوبائی اسمبلی لطیف اصغر خان،چودھری محمد ناصر دھدرا اور ضلعی رہنما سیٹھ محمد مشتاق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ چھ مارچ بروز اتوار کو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ لاکھوں کارکنوں کے ہمراہ کامونکی پہنچے گا،ہزاروں کی تعداد میں کارکن اپنے گھروں،دکانوں سے باہر نکل کر اپنے قائد کا استقبال کرینگے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے معیشت کا بیڑہ غرق اور جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کیخلاف اعلان جنگ کردیا ہے جو اس سے ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہوجائیگا۔حکومت سے ہر ظلم کا حساب لیا جائے گا حکمرانوں کو ایک دن نہیں دیکھ سکتے حکومت نے عوام کی جیب اور پیٹ پر ڈاکہ مارا ہے اور میڈیا کی آزادی پر قدغن لگائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ طے کرلیا ہے کہ عمران خان کو اب گھر بھیجنا ہے کیونکہ موجودہ حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری دی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ عوامی مارچ شروع ہوتے ہی حکومت نے پٹرول اور بجلی کی قیمت کم کردی ہے اسلام آباد پہنچنے تک مزید خوشخبریاں آئیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن