• news

افغانستان: مسجد کے قریب دھماکہ، 2 افراد جاں بحق‘ ملا برادر کا سرمایہ کاروں سے واپسی کا مطالبہ

کابل+ گردیز (شِنہوا) افغانستان کی نگران حکومت کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر نے افغان سرمایہ کاروں سے ملک واپس آنے کی اپیل کی ہے جبکہ افغان مشرقی صوبہ پکتیا میں ایک مسجد کے باہر دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر نے یہ مطالبہ گزشتہ روز کابل میں منعقدہ افغان نیشنل پرائیویٹ سیکٹر کانفرنس کے دوران کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ برادر نے بیرون ملک مقیم افغان سرمایہ کاروں سے ملک واپس آنے اور یہاں سرمایہ کاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں اور ان کے اثاثوں کی حفاظت کی ضمانت دی جائے گی۔ادھر پکتیا کے ڈائریکٹر انفارمیشن خالق یار احمدزئی نے شِنہوا کو بتایا کہ ضلع دند پٹن میں دھماکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہوا جب شہری خروٹی مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔مقامی دیہاتیوں اور سکیورٹی اہلکاروں نے متاثرہ افراد کو ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن