• news

تلاشی کارروائیاں جاری ، لوگوں کو بی جے پی سے دور رہنے کی اپیل ، پوسٹرز چسپاں 

سرینگر (اے پی پی‘ کے پی آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط  جموں و کشمیر میں  تلاشی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارتیہ جنتاپارٹی ، آر ایس ایس اور ان کے حامیوں سے دور رہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پوسٹرکشمیر بچاو  موومنٹ، سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم اور دیگر آزادی پسند گروپوں کی طرف سے چسپاں کیے گئے ہیں ۔ پوسٹروں میں تحریر ہے کہ ہندوتوا سے متاثر بی جے پی اور اس کے ساتھیوں کی حمایت کرنا کشمیر کے ساتھ غداری کے مترادف ہے ،یہ متحد ہو کر بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھانے کاوقت ہے ۔ دوسری جانب بھارتی حکومت نے کشمیری مسلمانوں کے خلاف انتہا پسندہندووں کی مسلح فورس کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا ہے ۔اس فیصلے کے تحت  ولیج ڈیفنس گروپس (VDGs)  کے نام سے  فورس منظم کرنے ، ان گروپس کے ممبران کو تنخوا  دینے، ہتھیار اور تربیت دینے  کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔  اس سلسلے میںبھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ہدایت پر بھارتی وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر کی انتظامیہ کو  حکم جاری کر دیا ہے ۔ جبکہ یوکرائن میں پاکستانی سفارتخانے  کی جانب سے بھارتی طلبہ کو پناہ  دیئے جانے کے عمل کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوکرین میں جاری جنگ اور پورے مشرقی یورپی ممالک میں افراتفری کے دوران ایک بھارتی طالب علم نے دل موہ لینے والی وڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے اندر بھارتی طلبہ کا ایک گروپ موجود ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن