انصاف سپورٹس کارڈ کے اجراء پر غور اپوزیشن کا منفی طرز عمل معاف نہیں کریگی عثمان بزدار
لاہور (نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں پہلے سے زیادہ اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔ ان لوگوں کو عوام کے مسائل سے کوئی د لچسپی نہیں۔ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قومی مفاد عزیز نہیں۔ نازک حالات میں سیاسی افراتفری کے ذریعے ذاتی عزائم کی تکمیل ملک سے دشمنی کے مترادف ہے۔ سیاسی انتشار پھیلانے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ اپوزیشن نے قومی مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے اور اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہے۔ قوم اپوزیشن کے منفی طرز عمل کو کبھی معاف نہیں کرے گی اور ان لوگوں کو مضبوط ہوتی معیشت کو ڈی ٹریک کرنے کی کوشش پرقوم کو جواب دینا ہوگا۔ قومی مفاد ات کے خلاف مصروف عمل عناصر کو اتحاد کی قوت سے روکنا ہوگا۔ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بزدار حکومت کے تاریخ ساز اقدام، محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ، ساڑھے 3 برس میں سپورٹس فسیلیٹیز کی تعداد 618 تک بڑھا دی گئی۔ محکمہ کھیل کا بجٹ 2 ارب روپے سے بڑھا کر 7 ارب 34 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے دیہات میں 150 نئے گراؤنڈز مکمل ہوچکے ہیں جبکہ رواں مالی برس 350 مزید نئے گراؤنڈز مکمل ہو جائیں گے۔ 40 تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس بن رہے ہیں جبکہ 14 تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس مکمل ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں 100 جم بھی بنائے جائیں گے۔ پنجاب میں ہاکی، فٹبال، کبڈی اور دیگر کھیلوں کی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ زیر صدارت اجلاس جس میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کھلاڑیوں کو وظیفہ دینے کیلئے انصاف سپورٹس کارڈ کے اجراء کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انصاف سپورٹس کارڈ کے اجراء کے حوالے سے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کریں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا کئی برس بعد انعقاد کیا جا رہا ہے لہذا لاہور کے اس روایتی شو کیلئے خوب سے خوب تر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
عثمان بزدار