iزخمی نے آصفہ تصاویر شیئر کردیں چودھری برادران نے رخسانہ بنگش کو فون کرکے خیریت دریافت کی
لاہور (خصوصی نامہ نگار +نیٹ نیوز) عوامی مارچ میں ڈرون کیمرے سے زخمی ہونے والی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔ آصفہ نے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئرکرتے ہوئے طبی امداد فراہم کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 1122 سٹیشن خانیوال کے طبی عملے، مس زنیرہ اورمسٹربابرکی جانب سے بروقت طبی امداد فراہم کرنے پران کی شکر گزار ہوں۔ ڈرون لگنے کے بعد فوری طورپر ہسپتال پہنچانے کیلئے مقامی پولیس کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔ علاوہ ازیں چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پیپلز پارٹی کی سینئر مرکزی رہنما رخسانہ بنگش کو ٹیلیفون کیا اور لانگ مارچ کے دوران آصفہ بھٹو کے زخمی ہونے پر خیریت دریافت کی انہوں نے آصف علی زرداری سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بہادر ماں کی بیٹی لانگ مارچ کے دوران زخمی ہونے کے باوجود مارچ چھوڑ کر نہیں گئیں اور مارچ میں شامل رہیں رخسانہ بنگش نے آصفہ بھٹو کی خیریت دریافت کرنے پر چودھری برادران کاشکریہ ادا کیا۔خانیوال سے نامہ نگار‘ خبر نگار کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ کی جانب سے ریسکیو کو اہلکار گلدستہ بھجوا دیا گیا۔ ریسکیو اہلکار زنیرہ نے گزشتہ روز حادثاتی طور پر زخمی ہونے پر آصفہ بی بی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی تھی۔