یوکرائن سے کراچی پہنچنے والے پاکستانی طالبعلم سفارتخانہ کے کردار پر برہم
کراچی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) یوکرائن سے کراچی پہنچنے والے طالب علم جنید حسین نے دہائی دی ہے کہ یوکرائن میں پاکستانی سفارتخانے کا کردار صفر ہے۔ سفارتخانے کی کوئی کارکردگی نہیں سفارتخانے نے طالب علموں کوٹکٹ دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ آپ لوگ خود ٹکٹ کروا لیں صرف تین دن ہوٹل کی سہولت دیں گے۔ باقی آپ جانیں آپ کا کام جانے، جن حالات سے نکل کر آیا وہ میں ہی جانتا ہوں، جنید حسین میڈیکل کی تعلیم کیلئے یوکرائن گئے تھے۔ یوکرائن میں پاکستانی سفارتخانہ نے 1476 پاکستانیوں کو یوکرائن سے بحفاظت نکالا ہے اور گذشتہ 9 روز سے سفارتخانہ چوبیس گھنٹے کام کررہا ہے تاکہ یوکرائن کے مختلف شہروں میں پھنسے مزید پاکستانیو ں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنایا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 9 پاکستانی واپسی کے سفر پر ہیں جبکہ بقیہ 37 افراد کے بحفاظت انخلا پر مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔ ٹویٹ کے مطابق یوکرائن میں پاکستان کا سفارتخانہ گذشتہ 9 روز سے مسلسل کام کر رہا ہے اور اب تک 1476 پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ مزید 9 افراد سفر میں ہیں۔ اور یوکرین کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے 37مزید پاکستانیوں کے انخلا کیلئے کام جاری ہے۔ ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ تریپولی سے ہر طرح کی خدمات کی مسلسل فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستانی طالب علم