• news

حکمرانوں کو بھگانے کا وقت آگیا بلاول

لاہور/اوکاڑہ/ رینالہ خورد/ ساہیوال (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ)  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اوکاڑہ میں عوام کاجوش وخروش دیکھ کر لگتا ہے کہ نیازی حکومت آخری سانس لے رہی ہے، عوام کاپرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سلیکٹڈ حکومت نا اہل نالائق وزیر اعظم کے خلاف جاری لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے نیازی خود ہی مستعفی ہو جائے نہیں تو جب ہم اسلام آباد آئے تو تمہیں جانا ہوگا پیپلز پارٹی کی جب بھی حکومت آئی ملک میں خوشحالی آئی موجودہ حکمرانوں کی نا اہلی سے عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے پریشان ہیں لیکن اب اس نا اہل حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے، ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے اوکاڑہ بائی پاس پر لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب میں کیا، لانگ مارچ سے ضلعی صدر سجاد الحسن چوہدری حسن مرتضی سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی خطاب کیا لانگ مارچ کا اوکاڑہ کی عوام نے شاندار استقبال کیا بلاول کی ایک جھلک دیکھنے کے لیئے شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں نے ہر تحریک میں ہمارا ساتھ دیا اب وقت ہے کہ ملک کے نوجوان ہماری اس تحریک میں شامل ہوں ہم نا اہل مسلط ٹولے سے پوری قوم کو چھٹکارا دلوا کے رہیں گے نا اہل وزیر اعظم کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کی لہر شروع ہوئی ہے بلوچستان پشاور دھماکے موجودہ وزیراعظم کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم غربت اوربڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوامی حقوق کی آواز بلند کررہے ہیں  حکومت نے ملکی معیشت کا بیٹرہ غرق کردیا غریب کوروزی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ موجودہ حکمران کسانوں کامعاشی قتل کررہے ہیں کسان خوشحال ہوگاتوملک خوشحال ہوگا پیپلزپارٹی پہلے بھی کسانوں کی خدمت کرتی رہی ہے آئندہ بھی ان کے حقوق کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائیں گے پاکستان پیپلزپارٹی اقتدارمیں آکر کچی آبادیوں کومالکانہ حقوق دے گی سٹوڈنٹس یونین کوبحال کریں گے  حکمرانوں کے پاس یوٹرن کے سواکچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی وزیر اعظم کو اگر خود پر بھروسہ ہے تو خود اسمبلی توڑ کر عوامی عدالت میں سامنا کرے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اب تمہیں گھر بھیج کر رہیں گے  ماضی میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک کے لئے بے شمار کام کئے  اوکاڑہ والوں کو کبھی بھول نہیں سکتا اوکاڑہ والوں نے میرے نانا میری ماں کے ساتھ مجھے بھی جو پیار دیا ہے اس کو ہمیشہ یاد رکھوں گا بعد ازاں بلاول بھٹو اوکاڑہ سے پتوکی کے لیے روانہ ہو گئے۔ نااہل وزیراعظم کیخلاف احتجاج میں پورا ملک ساتھ ہے دہشتگردی ‘ مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف لانگ مارچ کر رہے ہیں یہ تبدیلی کے نام پر تباہی ہے۔ حکومت کے آمرانہ طریقہ کار کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں  حکومت نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے حکومت پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا، قائد عوام نے کسانوں کو ان کا حق دیا زمین مالک بنایا خان صاحب نے زراعت کے شعبے کیلئے کچھ نہیں کیا آج کسان مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے آج کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت کو ختم کرکے دم لیں گے حکمرانوں کے کسانوں مزدوروں کاروباری طبقہ کو زبوں حالی کی طرف دھکیل دیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ ان لٹیروں کو بھگا دیا جائے لانگ مارچ حکومت گرانے میں آخری کیل ثابت ہو گا ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رینالہ خورد آمد پر رانا عبدالرحمن ایڈووکیٹ چودھری محمد یاسین گجر شبیر  حسین جعفری کے ہمراہ ایک جلسے سے خطاب میں کیا۔ رینالہ خورد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران کے پاس 3 دن ہیں استعفیٰ دیں اور چلے جائیں۔ استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں عمران خان اسمبلی توڑیں اور مقابلہ کریں، ورنہ ہم اسلام آباد آرہے ہیں،کٹھ پتلی کوگھر بھیج کرصاف اورشفاف انتخابات کرائیں گے۔ عوام کا عمران خان سے اعتماد اٹھ چکا، اب پارلیمنٹ میں بھی تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے، عمران خان نے ہر وعدے پر یو ٹرن لیا، یو ٹرن لینا جھوٹوں اور منافقوں کی نشانی ہوتی ہے، لیڈر کی نہیں، بی بی شہید نے شہادت قبول کی لیکن اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ ہم نے مشرف کو بھگا کر بے نظیر بھٹو شہیدکا مشن بحال کیا، ہم نے این ایف سی کے تحت صوبوں کو ان کا حق دلایا، صدر زرداری کے سی پیک کی وجہ سے یہ پنجاب میں بڑے منصوبے بناسکے، جو پاکستانی یورپ اورمشرق وسطیٰ  میں کام کررہے ہیں وہ قائد عوام کی وجہ سے کر رہے ہیں۔ جمہوری حملہ کریں گے ملکی دفاع اور قیادت کیلئے قائد کی ضرورت ہے کھلاڑی کی نہیں پی پی کے خاتمے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہو گئے شہید بینظیر بھٹو کے خلاف سازشیں کی گئیں ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا عمران خان  کو کھلا میدان نہیں دیا پی پی نے 18 ویں ترمیم کی صورت میں آئین بحال کیا آپ نے پی پی کا ساتھ دیا تو پنجاب کو حق دلوایا کٹھ پتلی کو بھگائیں گے جمہوری  انتقام  لیں گے سلیکٹڈ سے ٹکرانے کو تیار ہو تو آؤ اسلام آباد کی طرف جاتے۔ وزیراعظم کے گھر میں گھس کر شکست دی اعتماد ہونا چاہئے جتنے لوگ ساتھ رکھیں اتنا ہی فائدہ ہوگا مسلم لیگ ق کا اہم کردار ہے ق لیگ کے کردار سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ قبل ازیں ساہیوال سے روانگی سے پہلے لنک نہر پل کے قریب کارکنوں سے مختصر خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم جس مقصد کیلئے تھے اسے ضرور حاصل کریں گے اب اسلام آباد زیادہ دور نہیں اب وہ قریب ہوتا جا رہا ہے حکومت عوامی مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرے گی۔اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مارچ سے خطاب میں کہا ہے کہ عوامی مارچ کے باعث بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں۔ عمران خان کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ عوام نے سلیکڈ وزیراعظم کو مسترد کر دیا ہے۔ کٹھ پتلی حکومت کو ختم کرنا ہو گا، سلیکڈ وزیراعظم کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے۔ ایمپائر کی انگلی سے بننے والی حکومت عوام کی پرواہ نہیں کرتی ہے۔ پتوکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر چوک پتوکی میںخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا بھٹو زندہ ہے۔ میں آپکو تاریخی استقبال پر سلام پیش کرتا ہوں، وہ جو کہتا تھا کہ گھبرانا نہیں پٹرول، بجلی، چینی، آٹا مہنگا ہے۔ اب وہ شخص خود گھبرا گیا ہے۔ ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ پی پی پی جیالوں سے خوف زدہ ہے۔ ایک ہفتہ سے عوام سڑکوں پر ہیں، یہ قافلہ 27 فروری سے کراچی سے نکلا جس کا جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ اس قافلہ میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، رحیم یار خاں، بہاولپور، ملتان، خانیوال، چیچہ وطنی اور اب پتوکی والے شامل ہو رہے ہیں۔ تاریخ میں سب سے زیادہ یوٹرن عمران خان نے لیے۔ پیپلز پارٹی کے خاتمے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہوگئے۔ ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اس موقع پر پی پی ٹکٹ ہولڈر این اے 140 ملک مقصودکھوکھر، نوید بھٹی، سینئر رہنما ملک یونس اعوان سمیت دیگر موجود تھے۔بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی مارچ گزشتہ شب لاہور پہنچ گیا ہے۔27 فروری سے شروع ہونے والا عوامی مارچ ساتویں روز کراچی سے لاہور پہنچا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ ٹھٹہ، سجاول، بدین، حیدرآباد، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر اور گھوٹکی، رحیم یار خان، بہاول پور، لودھراں، ملتان، ساہیوال ، اوکاڑہ، پتوکی سے ہوتا ہوا گزشتہ شب لاہور ملتان روڈ پر مراکہ کے قریب پہنچا اور رات وہیں بحریہ ٹاؤن کے ملتان بلاک میں بسائے گئے ٹینٹ سٹی میں قیام کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بحریہ ٹاؤن میں بلاول ہاؤس میںرات قیام کیا۔ آج 6 مارچ اتوارکو دن گیارہ بجے مارچ وہاں سے روانہ ہو گا۔ بلاول دوپہرکو ناصر باغ کے سامنے جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسے کے بعد مارچ براستہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ شیرانوالہ باغ پہنچے گا۔ جہاں عوامی اجتماع سے خطاب ہو گا۔ لانگ مارچ 6 مارچ کو وزیرآباد میں اپنے دن کا اختتام کرے گا۔ 7مارچ پیر کو عوامی مارچ کا قافلہ وزیر آباد سے لالہ موسی جائے گا۔ جہاں جہلم اور گوجر خان ہوتا ہوا راولپنڈی لیاقت باغ پر اپنے دن کا اختتام کرے گا۔ 8 مارچ پیر کو لانگ مارچ کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اور عوامی قافلہ مختلف گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گا اور ڈی چوک میں جلسہ منعقدکیا جائے گا۔ لاہور میں جلسہ کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر استقبالی کیمپ لگا ئے گئے ہیں۔ شہر میںبڑی تعداد میں پارٹی جھنڈے اور فلیکسز نصب کی گئیں۔ اندرون شہر سے ایک خصوصی جلوس  کے علاوہ شہر میں پیپلز پارٹی کے4 ڈسٹرکٹ اور 30 زونز، پی وائے او، الائیڈ اور دیگر ونگز علیحدہ علیحدہ جلوس اور ریلیوں کی شکل میں ناصر باغ جلسے میں شرکت کے لئے پہنچیں گے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام عوامی مارچ کے سلسلے میں کربلا گامے شاہ سے جلسہ گاہ ناصر باغ تک مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے کی۔ فائزہ ملک، زاہد ذوالفقار و دیگر رہنماؤں اور بڑی تعداد میں جیالوں نے شرکت کی۔
 بلاول 

ای پیپر-دی نیشن