پی پی نے کل روات میں پاور شو کے انتظامات مکمل کر لئے
اسلام آباد (عترت جعفری) پی پی پی کے لانگ مارچ کے اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم روات میں پی پی نے اپنے پاور شو کا منظم کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ آنے والے قافلے کو ٹہرانے کیلئے خیموں کی بستی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ پی پی پی کے مقامی کارکنوں کے گھروں اور ڈیروں اور ایک مارکی میں بھی ٹھہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے، بلاول بھٹو زرداری کا اپنا گھر اسلام آباد میں موجود ہے تاہم ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر کے گھر میں رکیں گے، یہ گھر راوت ہی کے قریب ہے، سینٹر مصطفی نواز کھوکھر ہی روات کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، دریں اثناء پی پی پی کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے سے قبل 7 مارچ کو ٹی چوک روات پر رکے گا۔ ذرائع نے بتا یا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں8 مارچ کو اسلام آباد کے جلسہ اور لانگ مارچ کے انتظامات پر مشاورت کی گئی، بات چیت میں لانگ مارچ کے اسلام آباد میں داخل ہونے کے روٹ پر بھی مشاورت کی گئی۔